کاماریڈی، 17 جولائی (سید کوثر علی کی رپورٹ): ضلع کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سرکاری محکموں کے افسران اور عوامی نمائندوں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی فلاحی اسکیموں کے فوائد ہر مستحق شخص تک بروقت پہنچ سکیں۔ یہ بات ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور ضلع دشا کمیٹی کے چیئرمین سریش شیٹکر نے ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ دشا کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے زرعی شعبہ، آبپاشی، سڑکوں، روڈ سیفٹی، بینکنگ، تعلیم، دیہی ترقی اور فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ ایم پی نے کہا کہ کسانوں میں کسان کریڈٹ کارڈ، فصل بیمہ اور دیگر مرکزی اسکیموں سے متعلق شعور بیدار کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ایم ایل اے کاٹی پلی وینکٹ رمن ریڈی نے موجودہ خشک سالی کے پیش نظر کسانوں کو کم پانی والی فصلوں کی کاشت کی ترغیب دینے، پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے اور منریگا کے تحت روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ایم ایل سی انجی ریڈی نے ضلع کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، جبکہ ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے متعلقہ محکموں کو عوامی نمائندوں کی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا، میونسپل چیئرپرسن اِپا اوما رانی، ایڈیشنل کلکٹرس، مختلف محکموں کے افسران اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے












Post a Comment