سرکاری اسکیموں کو عوام سے واقف کرانے میں میڈیا کا اہم کردار، ضلع کلکٹر: آشیش سنگوان
کاماریڈی16/ستمبر (سید کوثر علی کی رپورٹ):
سرکاری اسکیموں اور عوامی فلاح و تحفظ سے متعلق پروگراموں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔ یہ بات ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ آشیش سنگوان، آئی اے ایس نے کاماریڈی میں منعقدہ ’’وارتالاپ‘‘ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایگل فورس ڈی ایس پی سوم ناتھم نے منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے عوام کو واقف کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایکسائز سپرنٹنڈنٹ مکند ریڈی نے نوجوانوں اور خاندانوں میں منشیات کے نقصانات کے بارے میں شعور بیدار کرنے میں میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیا۔
سی-ڈاک کے سینئر سائنسداں جگدیش بابو نے سائبر خطرات، آن لائن تحفظ اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل استعمال کے بارے میں احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا۔ انہوں نے سائبر دھوکہ دہی سے چوکس رہنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم محفوظ طریقے سے استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔پی آئی بی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مانس کرشن کانت نے کہا کہ ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں کے عوام تک پہنچنے اور اہم موضوعات پر میڈیا کے ذریعہ شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ’’وارتالاپ‘‘ جیسے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر این۔ وائی۔ گری، پی آئی بی میڈیا و کمیونیکیشن آفیسر شیو چرن ریڈی، میڈیا نمائندوں اور متعلقہ شعبوں کے عہدیداروں نے شرکت کی





Post a Comment