کاماریڈی کے نوجوان پون کمار جاجو کے عطیۂ اعضا سے چار مریضوں کو نئی زندگی
جیون دان تلنگانہ کے انچارج پروفیسر بھوشن کا پون کمار جاجوکے ارکانِ خاندان سے اظہارِ تشکر
کاماریڈی، 14 اکتوبر(سیدکوثرعلی کی رپورٹ) تلنگانہ میں عطیۂ اعضا کی ایک قابلِ تقلید مثال سامنے آئی ہے، جہاں کاماریڈی کے ایک نوجوان تاجر پاون کمار جاجو (39) کے برین ڈیڈ ہونے کے بعد ان کے ارکانِ خاندان نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے اعضا عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں چار مریضوں کو نئی زندگی ملنے کا موقع فراہم ہوا۔تفصیلات کے مطابق کاماریڈی شہر کے اولڈ بس اسٹینڈ و راجاناگر علاقے کے ساکن پاون کمار جاجو ولد بھگوان جاجو پیشہ سے تاجر تھے۔ وہ گزشتہ چند دنوں سے سر درد میں مبتلا تھے۔ اچانک دماغ میں خون رسنے (برین ہیمرج) کے باعث انہیں 7 اکتوبر کو کاماریڈی کے ایک خانگی اسپتال میں شریک کیا گیا۔ حالت تشویشناک ہونے پر انہیں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا گیا۔وہاں علاج کے دوران منگل کی علی الصبح ڈاکٹروں نے انہیں برین ڈیڈ قرار دیا۔ اس المناک موقع پر بھی ان کے اہلِ خانہ نے حوصلے اور انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھاری صدمے کے باوجود ان کے اعضا عطیہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔پاون کمار جاجوکے عطیہ کردہ دونوں گردے، جگر اور پھیپھڑوں کو چار مریضوں میں پیوند کاری کے لیے استعمال کیا گیا، جس سے انہیں نئی زندگی کی امید ملی۔اس موقع پر جیون دان تلنگانہ کے انچارج پروفیسر بھوشن راجو نے مرحوم کے ارکانِ خاندان سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فیصلہ دوسروں کے لیے ایک مثال اور قابلِ تقلید جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیون دان ادارہ عوام میں عطیۂ اعضا کے تعلق سے شعور بیدار کرنے اور ضرورت مند مریضوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کررہاہے

إرسال تعليق